11 ستمبر 2025 - 15:28
اسرائیلی حملہ: وزیراعظم ہنگامی دورے پر قطر پہنچ گئے، یو اے ای کے صدر دوحا میں موجود، محمد بن سلمان کی آمد بھی متوقع

دوحا پر اسرائیلی حملے کے بعد قطر عالمی سطح پر اہمیت اختیار کر گیا، وزیراعظم شہباز شریف ہنگامی دورے پر قطر پہنچ گئے، متحدہ عرب امارات کے صدر دوحا میں موجود ہیں جبکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی بھی آج قطر آمد متوقع ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق،  وزیراعظم شہباز شریف وفاقی وزراء کے ہمراہ ہنگامی دورے پر قطر  کے دارالحکومت دوحا پہنچے،  نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ قطر پہنچے ہیں۔

شہباز شریف کی قطری شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات ہو گی، پاکستان پہلے ہی اسرائیلی جارحیت کے خلاف اسلامی اورعرب ملکوں کے متحدہ ردعمل کے لیے قطر میں کانفرنس کا شریک منتظم بننے کی پیشکش کر چکا ہے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی آج دوحا کا دورہ متوقع ہے، سعودی ولی عہد کا قطر کا دورہ پہلے سے طے شدہ نہیں تھا۔

ادھر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان بھی قطر پہنچ گئے ہیں۔ اردن کے ولی عہد حسین بن عبداللہ نے بھی گزشتہ روز قطر کا دورہ کیا تھا۔

قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا تھا کہ اسرائیلی حملے نے یرغمالیوں کی رہائی کی تمام امیدیں ختم کر دی ہیں، حماس پر اسرائیلی حملے سے یرغمالیوں کا مستقبل تاریک ہو گیا ہے، نیتن یاہو کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے 9 ستمبر کو قطر کے دارالحکومت دوحا میں فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔

حماس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اسرائیلی حملے میں حماس کی اعلیٰ قیادت محفوظ رہی تاہم مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ خلیل الحیا کے مشیر اور بیٹے سمیت 5 افراد شہید ہو گئے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha